ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس ٹریننگ اسکول پر دہشتگردوں کا حملہ، 5 حملہ آور ہلاک ، 7 اہلکار شہید، 13 زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( دی خیبرٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ شب ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے رتہ کلاچی میں واقع پولیس ٹریننگ اسکول پر دہشتگردوں نے رات گئے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ تاہم پولیس کے جوانوں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے شدت پسندوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنادیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق شدت پسندوں نے بارود سے بھرا ٹرک اسکول کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دیا، جس کے نتیجے میں اسکول کی دیوار منہدم ہوگئی اور دو اہلکار دیوار کے نیچے دب کر شہید ہوگئے۔ اس کے بعد مختلف یونیفارمز میں ملبوس دہشتگرد اسکول کے احاطے میں داخل ہو گئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے بھرپور مزاحمت کی۔ دورانِ مقابلہ ایک بہادر اہلکار نے دہشتگردوں پر فائرنگ کرتے ہوئے ان کے حملے کو روکے رکھا تاہم دستی بم کے حملے میں وہ بھی جامِ شہادت نوش کر گیا۔
اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صاحبزادہ سجاد احمد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور آپریشن کی کمان خود سنبھال لی۔ اسی دوران آر پی او سید اشفاق انور بھی جائے وقوعہ پہنچ گئے اور فرنٹ لائن پر جوانوں کے شانہ بشانہ موجود رہے۔
پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے پانچ گھنٹے طویل مشترکہ آپریشن کے دوران انتہائی جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد، اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق حملے میں کانسٹیبل شیر بہادر، طلال، محمد ایوب (ڈرائیور)، لانس نائیک عصمت اللہ، کانسٹیبل جاوید، محمد یونس اور ایک نامعلوم پولیس اہلکار شہید ہوئے، جبکہ ایک اہلکار کی شناخت پوسٹ مارٹم کے بعد ظاہر کی جائے گی۔
مزید 13 اہلکار زخمی ہوئے جن میں کانسٹیبل ناصر، عابد، حضرحق، شفیع، سلیم، صمصام حسین، سب انسپکٹر سالار (APC ڈرائیور)، راحیل، عارف، محمد ایوب، معصوم خان، محمد یوسف اور علی محمد شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈیرہ اسماعیل خان اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
آپریشن کے دوران زیر تربیت 200 سے زائد ریکروٹس کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
ڈی پی او ڈیرہ نے بتایا کہ پولیس فورس نے اپنی جانوں پر کھیل کر ٹریننگ اسکول کو کلیئر کرایا اور علاقے کو محفوظ بنایا۔ آپریشن مکمل ہونے کے بعد علاقہ کلیئر قرار دے دیا گیا ہے اور سرچ اینڈ کلین آپریشن جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے آپریشن کی کامیابی پر ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد، آر پی او سید اشفاق انور اور ڈیرہ پولیس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “افسران کی فرنٹ لائن پر موجودگی اور جوانوں کی بے مثال بہادری نے ثابت کیا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔”
آئی جی پی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اور اس کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے تمام افسران و اہلکاروں کے لیے خصوصی انعامات کا اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں