پشاور (دی خیبر ٹائمز نیوز دیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ پرویز خٹک نے اسلام آباد میں افغانستان کے قائمقام سفیر مولوی سردار احمد شکیب سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان موجودہ صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خوشگوار، باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعاون پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ روابط بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
پرویز خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “علاقائی امن پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے۔ اب وقت آ چکا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اور مربوط کوششیں کی جائیں۔”
دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک کو اقتصادی فائدہ ہو سکتا ہے۔ اس ضمن میں پاک افغان سرحد پر تجارتی سرگرمیوں کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں افغان تاجروں کے لیے بارڈر پر خصوصی سہولتی ڈیسک کے قیام کو ناگزیر قرار دیا گیا، تاکہ قانونی اور تجارتی معاملات کو سہل بنایا جا سکے اور تجارت کا عمل مزید مؤثر ہو۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مضبوط اور مستحکم تعلقات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے عوام کے مفاد میں ہیں