پشاور (دی خیبرٹائمز خصوصی رپورٹ
وزیراعظم عمران خان پشاور کے ایک روزہ دورے پر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پہنچ گئے،وزیراعلی محمود خان اور گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کے ہمراہ وزیراعظم نے صوبے میں کووڈ19کے علاج اور مریضوں کو دی جانیوالی سہولیات کے سلسلے میں بریفنگ میں شرکت کی،وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے خیبر پختونخوا میں جاری لاک ڈائون موثر ثابت ہوا ہے،عوام کو اشیائے ضرور یہ کی دستیابی کیلئے محکمہ فوڈ پوری طرح فعال ہے تاکہ اس دوران قیمتوں کو اعتدال پر رکھا جاسکے،وزیراعظم کو پشاور سمیت صوبے کے دیگر ہسپتالوں میں دستیاب سہولیات اور طبی عملے کے تحفظ سمیت وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے پارشل لاک ڈائون اور قرنطینہ مراکز پر بریف کیا گیا،اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے احساس پروگرام کے تحت متاثرین کو امدادی رقوم کی منتقلی کے علاوہ صوبائی سطح پر بھی نقد امداد تقسیم کی جائے گی تاکہ غریب اور دیہاڑی دار طبقے کو اس بحران کے دوران اپنی ضروریات زندگی پوری کرنے میں ہر ممکن ریلیف دیا جاسکے۔وزیراعظم نے خیبر پختونخوا حکومت کے کرونا وائرس سے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہسپتالوں میں فراہم کی جانیوالی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا اظہار کیا۔