پشاور(خیبر ٹائمز پولیٹکل ڈیسک)موجودہ صورتحال میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں ۔ وزیراعلیٰ محمود خان
صوبے میں کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات ان کے گھروں کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے وزیراعلیٰ ای – رضاکار پروگرام کا اجراء کیاگیا ہے ۔ وزیراعلیٰ محمود خان کی خصوصی ہدایات پر محکمہ ریلیف، بحالی و آباد کاری کے زیر انتظام اس سلسلے میں ایک کال سنٹر قائم کر دیا گیا ہے ۔ عوام موجودہ صورتحال کے تناظر میں کسی بھی قسم کے رہنمائی ، مشورے اور عوامی خدمات کے حصول کے لئے اس کال سنٹر کے ٹول فری نمبر 1700پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ ای -رضاکار پروگرام میں ڈاکٹرز ، ماہر نفسیات، فارما سسٹ اور دیگر رضاکاروں کے علاوہ ریسکیو ، میونسپل اور شہری دفاع کی ٹی میں شامل ہیں جو لوگوں کو مفت رہنمائی اور عوامی خدمات فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت دستیاب ہیں ۔ اس ٹول فری نمبر پر رابطہ کرکے کورونا سے متعلق معلومات ، طبی مشورے، نفسیاتی مشورے ، ادویات سے متعلق مشورے، خواتین اور بچوں کے تحفظ سے متعلق خدمات ، ایمرجنسی ریسکیو کی خدمات ، میونسپل خدمات اور دیگر متعلقہ خدمات مفت حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ ای -رضاکار پروگرام میں شمولیت کے خواہشمند حضرات اپنی رجسٹریشن کروانے کے لئے بھی اس ٹول فری نمبر پر رابطہ کرسکتے ہیں ۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران صوبہ بھر سے 3000سے زائد لوگ اس پروگرام میں شمولیت کے لئے اپنی رجسٹریشن کر و ا چکے ہیں جن میں بیشتر میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ہیں ۔رضاکار پروگرام کو موجودہ صورتحال میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور خدمات ان کے گھروں کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاوَ کو روکنے کے لئے جزوی لاک ڈاوَن کی وجہ سے لوگوں کو بعض خدمات اور سہولیات کے حصول میں مشکلات پیش آرہی تھی اور ان مشکلات کو دور کرنے کے لئے وزیراعلیٰ ای -رضاکار پروگرام کا اجراء کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے اور اس مقصد کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔
Load/Hide Comments