لاک ڈاون میں نرمی عوام کو درپیش مسائل اور معیشت کا پہیہ چلنے کی خاطر کیا ہے، مشیر اطلاعات کے پی

پشاور(دی خیبر ٹائمز پولیٹیکل ڈیسک) پشاور کے مختلف بازاروں میں حجام اور سیلون شاپس کے دورے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ حجام اور سیلون شاپس میں ایس او پیز پر عمل درآمد ہورہا ہے جو خوش آئند بات ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کے واضح احکامات ہیں جہاں پر ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہوگا تو کاروبار سیل کیا جائے گا۔ حجام اور سیلون شاپس کو حکومت نے ایس او پیز کے تحت ہفتے میں تین دن یعنی جمعہ ہفتہ اور اتوار کو کھولنے کی اجازت دی ہے جبکہ پیر سے جمعرات تک دیگر دکانوں اور بازاروں کو ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے لاک ڈاون میں نرمی عوام کو درپیش مسائل اور معیشت کا پہیہ چلنے کی خاطر کی ہے کیونکہ ہمارا ملک مکمل لاک ڈاون کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ لاک ڈاون کورونا کا مکمل حل نہیں ہے ایس او پیز کیساتھ اس مرض کیساتھ چلنا ہوگا۔ اجمل وزیر نے کہا کہ ہمارے ملک کی کافی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان کو اسی طبقے کی فکر کھا رہی ہے۔ جب سے وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالا ہے تو اسی دن سے خان صاحب کو غریب طبقے کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون میں نرمی بھی غریب اور دیہاڑی دار طبقے کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ جس طرح انہوں نے لاک ڈاون میں حکومت کا ساتھ دیا ہے اسی طرح ایس او پیز پر عمل درآمد میں بھی حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی میں جو فیصلے ہوتے ہیں ہم ان پر من و عن عمل کریں گے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان صوبے میں کورونا کی صورتحال اور سفارشات کمیٹی میں پیش کرتے ہیں اور ملک کی تاریخ میں پہلی بار تمام تر فیصلے صوبوں کے ساتھ مشاورت اور اتفاق رائے سے کیے جا رہے ہیں۔ اجمل وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی قیادت کو میں بتانا چاہتا ہوں کہ آپ ٹھنڈے ڈرائنگ روم سے باہر نکل کر ہماری طرح بازاروں کا دورہ کریں تو پتہ چلے گا کہ مکمل لاک ڈاون کیا چیز ہے اور اسکے نقصانات کیا ہیں۔ لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھ کر تقرریں جھاڑنا اور عوام کو ورغلانا آسان کام ہے اگر اپوزیشن عوام کیساتھ مخلص ہے تو کورونا کو شکست دینے میں حکومت کا ساتھ دے نہ کہ بے جا تنقید کرے۔ اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اور وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں ہم کورونا اور غربت و افلاس دونوں کو شکست دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں