پشاور( دی خیبرٹائمز رپورٹنگ ڈیسک ) صوبائی وزیر برائے ریلیف، بحالی اوراباد کاری محمد اقبال وزیر نے کہا ہے کہ حکومت پورے صوبے کے بالعموم اور قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے بالخصوص تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہی ہیں اور ہر ممکنہ حد تک عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے کوشا ں ہے۔ وقت اگیا ہے کہ قبائلی عوام کی سابقہ تمام محرومیوں کا ازالہ کیا جائے اور انہیں بھی ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانے کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑٰا جائے ۔ ضلع خیبر کے تحصیل جمرود میں صوبائی وزیر نے جمعرات کو سیٹیزن فسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخواہ محمود خان کے ہدایات کی روشنی میں قبائلی اضلاع میں کثیر رقم خرچ کر ہی ہے جس سے یہ علاقے بہت جلد ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ سیٹیزن فیسلیٹیشن مراکز کے منصوبے کے تحت عوام کو ایک ہی چھت کے نیچے ڈومیسائل ، شناختی کارڈ ، صدائے امن کارڈ ، بینک کی سہولت اور دیگر ضروری خدمات فراہم کی جارہی ہیں تاکہ عوام کو ایک دفتر سے دوسرے دفتر کے خاک چھاننے سے نجات مل سکے ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت قبائلی اضلاع کی ترقی میں انتہائی حد تک سنجیدہ ہے اور بہت جلد قبائلی عوام کو تبدیلی کے ثمرات نظر ائینگے ۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ بہت جلد عوامی خدمات کے یہ مراکز کُرم ، شمالی وزیرستان ، اورکزئی اور جنوبی وزیرستان میں بھی کھولے جائینگے ۔ اس موقع پر پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر ذیشان عبداللہ، نادرا کے افسران اور صدائے امن پروگرام کے کوارڈینیٹر رائیناگل اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔
بعد میں صوبائی وزیر کو نادرا حکام نے سی ایف سی مراکز میں دی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی جس کے بعد صوبائی وزیر ریلیف نے جمرود ریسکو1122 سینٹر کا دورہ کیا جہاں حکام نے انہیں ریسکو کی سرگرمیوں اور خدمات پر تفصیلی بریفنگ دی ۔




