رمضان المبارک کے لئے ٹریفک پلان تشکیل

پشاور(دی خیبر ٹائمز نیوز ڈیسک) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے رمضان المبارک کے لئے ٹریفک پلان تشکیل دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ماضی کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کیلئے جامع پلان تشکیل دیدیا ہے جس کے تحت شہر بھر میں 3 ایس پیز‘ 11 ڈی ایس پیز‘ 17انسپکٹرز سمیت 1081 وارڈنز ڈیوٹی انجام دینگے جبکہ 16 فورک لفٹرز فرائض سرانجام دیں گے ٹریفک کنٹرول کرنے کے لئے افسران اور اہلکاروں کو شہر بھر کے مختلف سیکٹروں میں اپنی اپنی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں اور افطاری کے وقت وہ شہر بھر میں پٹرولنگ کرینگے اور ضرورت پڑنے پر بارھویں رمضان کے بعد تیسری شفٹ کا اجراء بھی بعد از نماز مغرب کیا جائے گا اسی طرح انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک کنٹرول کرنے سمیت کورونا وائرس کے باعث ہجوم والی جگہوں پر خاص نظر رکھیں اور وہاں پر شہریوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے اور کورونا وائرس سے بچنے سے متعلق آگاہی بھی دیں۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے سمیت کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی صورت بھی اپنی ڈیوٹی سے غافل نہیں ہیں ہم عوام کی ٹیکسوں سے تنخواہ لیتے ہیں اور ان ہی کی خدمت کیلئے ہر دم چوکس ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جہاں کہیں بھی مشکلات درپیش ہوں گی سٹی ٹریفک پولیس پشاور وہاں پر اول دستے کا کردار ادا کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں