جب تک شمالی وزیرستان میں معاشی سرگرمیاں شروع نہ ہو تب تک امن کا قیام محض ایک خواب ہی رہے گا ۔ڈپٹی کمشنر ریحان گل خٹک

میرانشاہ ( نمائندہ خصوصی ) ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان ریحان گل خٹک نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان کے عوام کے مسائل حل کرنا ان کی اولین ترجیحات میں سے ہے اور علاقے کے تمام سٹیک ہولڈر ز کو ساتھ ملا کر یہاں کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھیں گے ۔ اپنی تعیناتی کے بعد پہلی مرتبہ انہوں نے مقامی میڈیا سے تفصیلی بات چیت کی اور کہا کہ یہاں امن کا قیام اور بارڈر ٹریڈ بڑھانے کیلئے صرف زبانی کلامی نہیں بلکہ ٹھوس اقدامات اٹھائے جائینگے کیونکہ جب تک یہاں معاشی سرگرمیاں شروع نہ ہو تب تک امن کا قیام محض ایک خواب ہی رہے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں ریحان گل خٹک نے بتایا کہ قبائلی عوا م بلا معاوضہ سپاہی ہیں اور ہر قسم کے حالات میں ان لوگوں نے اپنی سرحدات کی حفاظت کی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عوام اور عمائدین کے تعاون سے یہاں پائیدار امن کے قیام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا ئے گا ۔ اٹے کے موجودہ بحران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اٹے کی سپلائی کا عمل دیکھے گے اور یقینی بنائینگے کہ ہر مستحق کو ان کا حق مل سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ فوڈ کنٹرولر رہ چکے ہیں اور انہیں پتہ ہے کہ کس طرح اس نظام کو راہ پر لا یاجا سکتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے میڈیا کے کردار پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور انتظامیہ کے ساتھ ساتھ علاقے کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے اور ان کے مناسب حل کیلئے ایک توانا میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میرانشاہ کا بھی دورہ کیا اور اراکین کے ساتھ ملاقات کے علاوہ نو منتخب کابینہ کے اراکین کو مبارکباد بھی دی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں