شمالی وزیرستان ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف شمالی وزیرستان نے کرپشن کے خلاف علم بغاوت بلند کرکے پہلے مرحلے میں جرگہ ہال میرانشاہ شمالی وزیرستان میں اجلاس طلب کیا، جہاں پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر قبائلی عمائدین، انتظامی افسران اور مختلف محکموں کے نمائندے شریک ہوئے،
منعقدہ اجلاس خصوصی اجلاس سے پاکستان تحریک انصاف شمالی وزیرستان کے صدر نیک محمد نے کہا کہ وہ علاقے میں مزید ناانصافی اور لاقانونیت پر خاموش نہیں رہینگے، تقریباً ہر ڈیپارٹمنٹ کرپشن کا بازار گرم ہے، ڈپٹی کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا، کہ ان کی ذمہ داری ہے، کہ وہ تمام محکموں میں کرپشن کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کریں، جو بھی اہلکار کرپشن میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کریں، ملازمین کی تعیناتی سرکاری سکیموں کی خرید و فروخت کا راستہ روکیں، اگر یہاں مقامی سطح پر کرپشن کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو اگلے مرحلے میں وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس جاکر موثر آواز بلند کرینگے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے مقامی مسائل میں سب سے ذیادہ غیر فعال صحت اور محکمہ تعلیم کے مراکز ہیں، اس کو فعال بنانے کیلئے ان کے ساتھ تعاون کریں، ان کی نشاندہی کرنا اور اس کو غیر فعال بنانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا، وہ مسائل جو ان کی دسترس سے باہر ہے اگرپی ٹی آئی کے ذمہ دار خود اپنے وزرا کے ساتھ بیٹھ کر حل تلاش کریں تو بہتر ہوگا۔
