شمالی وزیرستان میں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف وزیر اور داوڑ قبائل گرینڈ جرگہ کا احتجاج جاری، پاک افغان شاہرہ بند

میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ اور بد امنی کے خلاف جاری عیدک کے مقام پر احتجاجی دھرنے اور گزشتہ
روز اتمانزئی داوڑ اور وزیر قبائل کے متفقہ گرینڈ جرگے کے فیصلے کے مطابق بدھ کو عیدک کے مقام پر پاک افغان شاہراہ مین بنوں میرانشاہ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا اور سڑک پر ٹریکٹر ٹرالیوں کی مدد سے مٹی اور پتھروں کے ڈھیر لگا دئے گئے جس سے کسی قسم کی امدو رفت کا امکان تک ختم ہو کر رہ گیا ۔ قبائلی رہنماء ملک شاہ نواز وزیر چیف اف وزیرستا ن نے بتایا کہ شیواہ ، سپین وام ، میرعلی ، خیسور ، رزمک ، دوسلی ، خدرخیل ، مداخیل ، طوری خیل اور مامیت خیل وغیرہ تمام ذیلی قبائلی شاخوں کے مشران و عمائدین کو دعوت نامے ارسال کئے گئے ہیں جبکہ داوڑ اور وزیر قبائل کے چیدہ چیدہ تیس قبائلی مشران پر مشتمل ایک جرگہ تشکیل دیا گیا ہے جو سرکاری نمائندوں سے بات چیت کرینگےاس کے علاوہ کسی کو نہ تو تحصیلوں میں جانے کی اجازت ہو گی اور نہ ہی کسی سرکاری اہلکار کے ساتھ اس حوالے سے ملنے یا بات کرنے کی اجازت ہوگی اور خلاف ورزی پر باقاعدہ جرمانہ کیا جائے گا ۔ بدھ کو مشران کے جرگے نے بتایا کہ جب تک یہ سلسلہ ختم نہ ہوجائے تب تک یہ احتجاج جاری رہے گا کیونکہ اب علاقہ مزید اس بدامنی کا متحمل بھی نہیں ہو سکتا اور اب یہاں کے باشندوں کا جینا دوبھر ہوچکا ہے ۔ دریں اثناء اس احتجاج کو مزید تقویت دینے کیلئے شمالی وزیرستان کے تمام قبائل کے علاوہ قریبی بکاخیل ، جانی خیل اور ممند خیل قبائل کو بھی دعوت نامے ارسال کردئے گئے ہیں جس کے بعد عمائدین کے بقول احتجاج کو اسلام آباد بھی لیجانے کا پروگرام تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں