پشاور (بیورو رپورٹ)خیبرپختونخوا میں 21 اپریل سے شروع ہونے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح پشاور میں واقع پولیس سروسز ہسپتال میں کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت احتشام علی، صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ پختون یار خان اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔
افتتاحی تقریب میں سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان، اسپیشل سیکرٹری ہیلتھ، کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشنز سنٹر عبدالباسط، عالمی ادارہ صحت (WHO) اور یونیسیف کے نمائندگان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت احتشام علی نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیو جیسے مہلک مرض کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران صوبے بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے 65 لاکھ 37 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قومی مشن کو کامیاب بنانے کے لیے 35,460 تربیت یافتہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے تقریباً 50 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لیے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر سطح پر مؤثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا اور عوامی حلقوں سے اپیل کی کہ وہ پولیو ویکسین کے حوالے سے آگاہی پھیلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیو ویکسین صرف ایک قطرہ نہیں بلکہ بچوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور سیکیورٹی اہلکار اس قومی مہم کے ہیرو ہیں جن کی انتھک محنت اور قربانیوں کے باعث آج ہم پولیو کے خاتمے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
پختون یار خان، صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پولیو کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مہمات کا تسلسل جاری رکھے گی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو ہر بار پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا کو پولیو فری بنانے کے لیے حکومت، ادارے اور عوام مشترکہ طور پر بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔