پشاور، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 595 افراد کا چالان، ٹریفک قوانین آپ کی زندگی بچانے کیلئے ہے، چیف ٹریفک آفیسر

پشاور(پریس ریلیز) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گزشتہ ہفتے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 595 افراد کو چالان کرتے ہوئے ہزاروں روپے قومی خزانے میں جمع کردیئے۔
ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے مختلف سیکٹروں میں ناکہ بندیاں کی جاتی ہیں اس دوران شہریوں کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے آگاہی دی بھی دی جاتی ہے اور ان میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کئے جاتے ہیں اور انہیں ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ہاتھ ملانے‘ گلے ملنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور منہ‘ ناک اور آنکھوں کو چھونے سے گریز کرنے سمیت صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ یہ خطرناک وائرس با آسانی ختم ہو اور مزید قیمتی جانیں اس جان لیوا وائرس کا شکار نہ بنیں۔ گزشتہ ہفتے مختلف سیکٹروں میں ناکہ بندیوں پر دوران سفر موبائل فون پر بات کرتے ہوئے 27‘ ہیلمٹ کے بغیر ڈرائیونگ کرنے پر 528 اور سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 40 افراد پر جرمانے عائد کئے گئے جن سے جرمانوں میں مد میں حاصل کردہ ہزاروں روپے قومی خزانے میں جمع کردیئے گئے۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں کیونکہ وہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کر کے ہی اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ نہ باندھنے اور ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا موت کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال بالکل نہ کریں کیونکہ اس سے تمام تر توجہ ڈرائیونگ سے ہٹ جاتی ہے اور کوئی بھی نا خوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بناتے ہوئے ٹریفک قوانین پر عملدرآمدکو یقینی بنائیں بصورت دیگر سٹی ٹریفک پولیس پشاور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں