درابن تھانہ پر راکٹ حملہ، شدید فائرنگ، عمارت کو نقصان ڈیرہ اسماعل خان ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں رات گئے ایک بار پھر دہشتگردی کا بڑا واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم مسلح افراد نے تھانہ درابن کو راکٹ لانچر سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تھانے کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور ایک دیوار مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی۔ پولیس کے مطابق حملہ اچانک اور منظم انداز میں کیا گیا جس کے بعد حملہ آوروں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ حملے کے دوران اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی جس سے ممکنہ بڑے نقصان کو روکا گیا تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد علاقے میں اضافی نفری طلب کر لی گئی اور سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو تلاش کیا جا سکے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تھانے کے قریب پہنچے اور راکٹ لانچر سے حملہ کیا جس کے باعث زور دار دھماکہ ہوا اور قریبی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور خصوصاً درابن کا علاقہ اس نوعیت کے حملوں کی زد میں آیا ہو۔ گزشتہ دو دہائیوں سے یہ خطہ شدت پسندی اور دہشتگردی کی کارروائیوں کا شکار رہا ہے جس کے باعث یہاں سیکیورٹی صورتحال اکثر کشیدہ رہتی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق شام کے بعد کئی علاقوں میں پولیس کی نقل و حرکت محدود ہو جاتی ہے اور بعض اوقات تھانوں کے دروازے بھی حفاظتی خدشات کے باعث بند رکھے جاتے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مسلسل بدامنی کے باعث نہ صرف سرکاری املاک غیر محفوظ ہیں بلکہ عام شہری بھی شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ جیسے واقعات نے عوامی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے جبکہ سیکیورٹی ادارے بھی بڑھتے ہوئے دباؤ اور خطرات کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن تیز کر دیا ہے اور قریبی پہاڑی و دیہی علاقوں میں بھی ناکہ بندی کر دی گئی ہے تاکہ حملہ آوروں کے ممکنہ ٹھکانوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

درابن تھانہ پر راکٹ حملہ، شدید فائرنگ، عمارت کو نقصان

ڈیرہ اسماعل خان ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں رات گئے ایک بار پھر دہشتگردی کا بڑا واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم مسلح افراد نے تھانہ درابن کو راکٹ لانچر سے نشانہ مزید پڑھیں