صوابی میں عیدالاضحی کے موقع پر خصوصی سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا

صوابی ( دی خیبر ٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) 4 ایس ڈی پی اوز، 77 سب انسپکٹرز، 350 تک پولیس اہلکاران، 6 لیڈی کانسٹبلز اور جملہ ایس ایچ اوز تعینات کردئے گئے ہیں۔
مویشی منڈیوں میں تمام ترحفاظتی انتظامات مکمل کرکے انسداد کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے بھی خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ضلع بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے تحت تقریبا 500 پولیس جوان تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ایس ڈی پی اوز کی نگرانی کا عمل مؤثر بنانے کیلئے ایلیٹ پولیس کمانڈوز پر مشتمل ہر سرکل میں کوئیک رسپانس سکواڈ تشکیل دیدئیے گئے۔ ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی کی براہ راست نگرانی میں عیدالاضحی کے موقع پر ضلع بھر میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔مویشی منڈیوں،مصروف بازاروں،خواتین کی خریداری کے مراکز،شاپنگ پلازوں اور پبلک مقامات پر خواتین پولیس اہلکاروں سمیت اضافی پولیس نفری تعینات کردی گئی ہے۔شہر میں سیکیورٹی اور نگرانی کے مؤثر اقدامات کے تحت سفید کپڑوں میں ملبوس سپیشل برانچ اور ڈی ایس بی کے اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر حفیہ سکواڈز کی ٹیموں کو بھی بازاروں،مویشی منڈیوں،عبادت گاہوں،فروٹ و سبزی منڈیوں اوررش والے پبلک مقامات کی سویپنگ پر مامور کردیا گیا ہے۔علاوہ ازیں شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر اضافی ناکہ بندیاں قائم کرکے چیکنگ کا عمل سخت کردیا گیا ہے اور شہر میں داخل ہونیوالے تمام افراد اور انکے سامان کی تلاشی یقینی بنائی جارہی ہے۔عید الاضحی کے موقع پرجدید مواصلاتی نظام اور خود کار ہتھیاروں سے لیس پولیس ہر سرکل میں کوئیک رسپانس سکواڈ تشکیل دیدئیے گئے ہیں جو کہ ضلع بھر میں شاہراہوں وبازاروں میں دن رات گشت پر مامور ہونگے اور چوبیس گھنٹے مرحلہ وار فرائض انجام دینگے اور کسی بھی جگہ ایمرجنسی کی صورت میں فرسٹ رسپانڈرز کے طور پر بھی کام کریں گے ۔شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مخصوص ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے اور ٹریفک پوائنٹس میں اضافہ کرکے ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹی کے اوقات کار بھی بڑھادئیے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی نے تمام سرکل ایس ڈی پی اوز اور تھانوں کے ایس ایچ او کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقہ اختیار کی حدود میں پولیس گشت اور چیکنگ میں مزید اضافہ کریں۔تمام حساس مقامات کے وقتاً فوقتاً خود دورے کرکے نگرانی کا عمل یقینی بنائیں اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں۔انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مویشی منڈیوں، بازاروں، عبادت گاہوں اور پبلک مقامات کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے گشت اور چیکنگ کا نظام مزید مؤثر بنائیں اور امن وامان کے قیام اور مجرمانہ سرگرمیوں کے بہتر سد باب کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا تسلسل جاری رکھیں۔مزید کہا کہ مویشی منڈیوں میں حفاظتی انتظامات کیساتھ ساتھ انسداد کورونا کے حوالے سے جاری کردہ صوبائی حکومت کے قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے بھی متحرک کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں