غزہ میں انسانی بحران پر تشویش، خیبر سے کراچی اور غزہ تک مارچ کا اعلان

پشاور (دی خیبرٹائمز پولیٹیکل ڈیسک) مشتاق احمد خان نے اعلان کیا ہے کہ پاک فلسطین فورم 29 مارچ کو خیبر سے کراچی اور کراچی سے غزہ تک پرامن مارچ کرے گی، جس کا مقصد فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔
پشاور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال رمضان المبارک میں مسجد اقصیٰ میں نہ اذان کی اجازت دی گئی اور نہ نماز ادا کرنے دی گئی۔ ان کے مطابق اسرائیل نے قبلہ اول پر تالے لگا رکھے ہیں اور وہاں عبادت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ پیس فورم کے قیام کے بعد امریکہ اور اسرائیل نے فلسطینیوں پر مظالم کے دروازے مزید کھول دیے ہیں۔ ان کے بقول ایران پر حملے کئے گئے اور لبنان کو بھی جنگ کی لپیٹ میں لایا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مسجد اقصیٰ پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔
سابق سینیٹر نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران دن بدن شدت اختیار کر رہا ہے اور اب تک 72 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی نام نہاد جنگ بندی کے اعلان کے باوجود 1700 سے زائد جنگی خلاف ورزیاں ہو چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انسانی امداد کی فراہمی بھی شدید طور پر محدود کر دی گئی ہے۔ ان کے مطابق چند امدادی ٹرکوں کو اجازت دی گئی لیکن اقوام متحدہ کے مطابق انتہائی کم مقدار میں خوراک غزہ تک پہنچ سکی۔
مشتاق احمد خان نے کہا کہ فلسطینی عوام نے ہمیشہ امن کے لئے کوششیں کیں لیکن اسرائیل مسلسل ان پر حملے کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ الحرم الشریف کے تحفظ کے لئے تھا، نہ کہ سعودی عرب میں موجود فوجی اڈوں کی حفاظت کے لئے۔
انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر غزہ پیس فورم سے علیحدگی اختیار کرے کیونکہ ان کے مطابق اس فورم کے قیام کے بعد امریکہ اور اسرائیل کو مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں کرنے میں آسانی ہوئی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایرانی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم حکمرانوں اور فوجی قیادت کو خاموشی توڑ کر ایران کی کھل کر حمایت کرنی چاہیے کیونکہ ان کے بقول ایران اسلام کی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ پاک فلسطین فورم اپریل میں ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی فلوٹیلا کے ذریعے کراچی سے غزہ کی جانب مارچ کا پروگرام ترتیب دے گی، جس کا مقصد غزہ کے عوام تک انسانی امداد پہنچانا اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے۔