پشاور(دی خیبر ٹائمز پولیٹکل ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے لئے صحت کے شعبے کو صوبائی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں صحت کے شعبے کو مستحکم بنانے اور ہیلتھ انفراسٹرکچر کو موجودہ صورتحال کے تقاضوں اور ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے سب سے زیادہ فنڈ مختص کئے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس مقصد کے لئے ابھی سے عملی کام شروع کریں اور درکار وسائل کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ وہ گزشتہ روز اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں موجودہ صورتحال کے تناظر میں اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے مجوزہ ابتدائی خدوخال اور ترجیحاتی شعبوں کے تعین سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کے علاوہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر، وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری خزانہ عاطف رحمان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے لئے صحت، ریلیف، سماجی بہبود، تعمیرات اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے والے شعبے صوبائی حکومت کی پہلی ترجیحات ہونگی جن کے لئے مالی وسائل کے دستیاب حجم کی مناسبت سے فنڈز مختص کئے جائیں گے جبکہ وفاق سے بہتر وصولی کی صورت میں ترجیحاتی شعبوں کی فہرست میں عوامی فلاح و بہبود کے دیگر شعبوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ منصوبہ بندی کو مختلف محکموں سے اگلے ترقیاتی پروگرام کے لئے منصوبوں کے Concept Notes اور Proposal کی وصولی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جن کی بنیاد پر اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لئے منصوبوں کی فہرست کو اس مہینے کے آخر تک حتمی شکل دی جائے گی جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کو اگلے مہینے کی 20 تاریخ تک حتمی شکل دی جائے گی۔
Load/Hide Comments