ہنگو پولیس کی کامیاب کاروائی اندھےقتل کےملزمان گرفتار

پاراچنار ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) 6 جنوری کو پشاور سے پارا چنار جانے والی موٹر کار پر ہنگو فائرنگ کی گئی جس میں پاراچنار کی ایک خاتون جاں بحق ہوئی تھی۔ ایس پی انوسٹی گیشن کی طرف سے بنائی گئی خصوصی ٹیم نے 7 دن کے اندر جدید خطوط پر تفتیش کر کے اصل مجرمان کو گرفتار کر لیا۔ واردات کا ماسٹر مائنڈ زبیر اجرتی قاتل ہے اور پنجاب میں کئی وارداتوں میں سزائے یافتہ ہے۔ ایس ڈی پی او ہنگو اسماعیل مروت کی ہنگامی پریس کانفرنس۔ تفصیلات کے مطابق ہنگو پولیس نے ایک ہفتہ قبل ہنگو میں قتل کی جانی والی خاتون کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا۔ ایس ڈی پی او ہنگو اسماعیل مروت، ایس ایچ او ہنگو سٹی ولایت خان اور تفتیشی انسپکٹر شبراز خان نے ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران گرفتار 2 ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی او اسماعیل مروت نے بتایا کہ 6 جنوری کو پشاور سے پاراچنار جانے والی موٹر کار پر بائی پاس روڈ ہنگو پر اعلی الصبح فائرنگ کی گئی جس کی زد میں آکر پارا چنار سے تعلق رکھنے والی خاتون زبیدہ بی بی جاں بحق ہو گئی۔ اس واقعے کو فرقہ ورانہ رنگ دینے کی بھی کوشش کی گئی تا ہم ایس پی انوسٹی گیشن مجیب الرحمان کے زیر نگرانی ہنگو پولیس اور تفتیشی عملے نے اس واقعہ کو ایک ٹسٹ کیس کے طور پر اٹھایا اور 8 دن کے اندر جدید تفتیش کے زریعے اصل ملزمان کو گرفتار کیا جنہوں نے اقبال جرم بھی کر لیا ہے۔ اسماعیل مروت نے بتایا کہ ملزمان زبیر اور شکیل الرحمان اس رات آئس نشے میں دھت تھے اور انہوں نے ڈاکے کی غرض سے گاڑی پر فائرنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ زبیر نواز نامی ملزم اس واقعہ کاسرغنہ ہے جو پیشہ ور جرائم پیشہ ہے جو پنجاب کے کئی جیلوں میں قید بھی کاٹ چکا ہے اور کئی مقدمات میں مطلوب تھا۔ اسماعیل مروت نے واضح کیا کہ ہنگو کی پولیس پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران جدید خطوط اور تقاضوں کو استعمال میں لا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ ہم اندھے قتل کے کئی واقعات کو ٹریس کر چکے اور ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں