کوہاٹ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کیڈٹ کالج کوہاٹ کا دورہ کیا، جہاں پرنسپل بریگیڈیئر (ر) طفیل محمد خان نے انہیں ادارے کی کارکردگی اور تعلیمی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
مشیر اطلاعات نے ادارے کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے پرنسپل، اساتذہ اور انتظامیہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج کوہاٹ بچوں کی کردار سازی اور معیاری تعلیم میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کالج کے مختلف شعبہ جات بشمول کلاس رومز، اکیڈمک بلاک، کمپیوٹر لیب، لانڈری، میس، کیفے ٹیریا، ہاسٹلز اور نئے تعمیر شدہ ملٹی میڈیا بلاک کا معائنہ کیا اور تعلیمی و تربیتی سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے طلباء سے تبادلہ خیال بھی کیا اور میس میں ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔
اس موقع پر انہوں نے طلباء کو محنت، نظم و ضبط اور اعلیٰ مقصد کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے اپنے طالب علمی کے دنوں کی یادیں بھی تازہ کیں۔ پرنسپل نے ادارے کی تعلیمی کامیابیوں، نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی جبکہ بعض انتظامی و مالی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت سے معاونت کی درخواست کی۔
مشیر اطلاعات نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت ادارے کو درپیش مسائل کے حل اور مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج کوہاٹ نہ صرف صوبے بلکہ ملک کا ایک معتبر ادارہ ہے جس نے قوم کو نامور سپوت فراہم کیے ہیں۔ موجودہ حکومت تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
بعد ازاں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے نسیم میموریل الخدمت ہسپتال اور آغوش الخدمت کوہاٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں اداروں کی طبی و فلاحی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ مشیر اطلاعات نے الخدمت فاؤنڈیشن کی انسانیت کے لیے بےلوث خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا فلاحی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے الخدمت ہسپتال میں نرسری کا افتتاح بھی کیا اور اس کی کامیابی کے لیے دعا کی۔
