پشاور ( دی خیبرٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے لاہور میں حالیہ بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند گھنٹوں کی بارش نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور شریف خاندان کے دہائیوں پر مشتمل ترقی کے دعووں کو بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کی سڑکیں پیرس بنانے کے دعوے کا مذاق اڑا رہی ہیں، اور بارش نے پیرس کا خواب نہیں بلکہ شریف خاندان کے وعدوں کو بہا کر رکھ دیا ہے۔ “پانی میں ڈوبا لاہور گواہی دے رہا ہے کہ ترقی کے نام پر عوام کو صرف دھوکہ دیا گیا ہے”، ڈاکٹر سیف نے زور دے کر کہا۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ “وزیراعلیٰ مریم نواز کو سانپ سونگھ گیا ہے، جو بارش سے پہلے ترقی کے ترانے گا رہی تھیں، اب منظر سے غائب ہیں۔ وہ اب چچا کی طرح لمبے شوز پہن کر پانی میں کھڑے ہو کر ڈرامہ بازی کرنے کے قابل بھی نہیں رہیں۔”
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ عوام اب ایسے سیاسی ڈراموں سے بہلنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے شریف خاندان پر الزام عائد کیا کہ اگر عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ لندن منتقلی کے بجائے لاہور پر خرچ کیا جاتا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔
نگراں وزیر اطلاعات نے موجودہ پنجاب حکومت کو “ٹک ٹاک پر متحرک جعلی حکومت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بلند و بانگ دعوے ایک معمولی سی بارش کے سامنے ڈھیر ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی سڑکیں اب تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ حکومت بے بس نظر آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے جھوٹے دعوے اب مزید نہیں چھپ سکتے، بارش نے ان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ “یہی وہ خاندان ہے جو برسوں سے وعدوں اور نعروں کے ذریعے عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کر رہا ہے، مگر عملی اقدامات کا فقدان آج بھی نمایاں ہے۔”
ڈاکٹر سیف نے شریف خاندان پر سخت الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ “یہ لوگ عوام کا خون چوسنے سے باز نہیں آتے۔ جب عوام نے انتخابات میں انہیں مسترد کر دیا تو یہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے دوبارہ اقتدار پر مسلط ہو گئے۔”
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو دھوکہ دینے والوں کا احتساب کیا جائے اور پنجاب کی عوام کو ان کے بنیادی شہری حقوق فراہم کیے جائیں، نہ کہ دعووں، نعرے بازی اور سوشل میڈیا شو بازی سے بہلایا جائے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے لاہور میں حالیہ بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو شریف خاندان کی حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اب وعدوں اور نعروں کے بجائے عملی اقدامات چاہتے ہیں، اور شریف خاندان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ چکا ہے۔