پاراچنار ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) قبائلی ضلع کرم میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد قریش کے مطابق پیر کی صبح پاراچنار شہر کے مزدور چوک میں اچانک زور دار دھماکہ ہوا، دھماکہ کے فوراً بعد پاک آرمی اور پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو محاصرے میں لے کر واقعہ کی تحقیقات شروع کردی، دھماکہ گندگی کے ڈھیر میں چھپا ئے گئے بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا، جس سے ایک پولیس اہلکار حامد حسین مالی خیل اور سید قیصر حسین زخمی ہوگئے، جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار پہنچا دیا گیا، عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ جائے دھماکہ پر ہر وقت سینکڑوں کی تعداد میں مزدور موجود رہتے ہیں، تاہم خوش قسمتی سے دھماکہ کے وقت مزدور کام پر جا چکے تھے، اس وجہ سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا، سماجی رہنما شبیر ساجدی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے، کہ شدید چیکنگ کے باوجود اس قسم کے واقعات افسوس ناک ہے فورسز اور عوام کی کوششوں سے جو امن قائم ہواہے اسے سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔
