پشاور (نمائندہ خصوصی) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے 22 جولائی 2025 کو گلاف (Glacial Lake Outburst Flood) الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے گلیشیائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے واقعات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بالخصوص چترال اپر و لوئر، دیر، سوات اور اپر کوہستان کے اضلاع متاثر ہونے کے زیادہ امکانات رکھتے ہیں، جہاں مقامی آبادی کو ممکنہ خطرات سے خبردار رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، ممکنہ خطرے کی صورت میں بروقت وارننگ سسٹم کے فعال ہونے، اور انخلاء کی مشقوں کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے، اور تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑیاں نہ لے جانے کی بھی سختی سے ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
ادارے کے ترجمان کے مطابق، ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلاء کے لیے محفوظ مقامات کو پہلے ہی تیار کر لیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو 1122 سمیت تمام ہنگامی اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی سامان کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو بھی محتاط رہنے اور موجودہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
علاوہ ازیں، سڑکوں کی کسی بھی ممکنہ بندش کی صورت میں بروقت بحالی کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA)، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) کو بھی پیشگی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی سطح پر عوامی آگاہی مہم کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو ممکنہ خطرات، احتیاطی تدابیر اور بچاؤ کے طریقوں سے بروقت آگاہ کیا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر 24 گھنٹے مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع یا معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔