پی ٹی آئی نے ورکروں کو اخلاقیات سکھانے کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا

پشاور( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے صوبہ خیبر پختونخوا میں پارٹی ورکرز کو ایجوکیشن ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کے تحت اخلاقیات سکھانے کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے لئے پشاور میں مرکزی دفتر کا افتتاح بھی کر دیا گیا ، تحریک انصاف پارٹی میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے قیام کا مقصد پارٹی ورکرز کو اخلاقیات سکھاناہے جس کے تحت پارٹی ورکرز اچھے اخلاق اور تربیت کیساتھ لوگوں کو اپنی طرف مائل کریں گے دوسری جانب ورکرز کے لئے صوبہ بھر میں باقاعدہ طور پر ٹریننگ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے جس پر کروڑوں روپے خرچ ہوں گے گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے سنٹرل ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایجوکیشن ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ اعجاز بٹ ،سنٹرل ایڈوائزرمحمد اشفاق پراچہ ،سیکرٹری پشاور ریجن عارف یوسف ، سیکرٹری پشاور ڈسٹرکٹ زاہد ندیم اور پراونشل کوارڈینیٹرعصمت آراء کاکا خیل نے کہا کہ پارٹی ورکرز کو اخلاقیات سکھانا وقت کی اہم ضرور ت ہے تاکہ خدمات کی فراہمی میں پارٹی ورکرز بہتر انداز میںاپنا موقف پیش کرسکیں کیونکہ موجودہ دور میں بہتر کارکردگی اور گورننس کیلئے اخلاقیات کا ہونا بہت ضروری ہے انکا کہنا تھا کہ عوام کو پارٹی ورکرز سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں اس لئے وہ شائستگی کیساتھ عوام کے سامنے اپنا موقف پیش کریں تاکہ پارٹی ورکرز عوام کی توقعات پر پوراا تر سکیں ، ،جدید علوم کے ساتھ اخلاقیات کا ہونا لازم ہے اس وقت اعتماد اور تعاون کی فضا پیدا کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ حکومت کی کارکردگی بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے،انہوں نے کہاکہ ملک میں پی ٹی آئی قوت کو مزید بڑھانے کے لئے نوجوان اخلاقیات کے دائرے میں رہ کر کردار ادا کر سکتے ہیں اور پڑھے لکھے نوجوانوں میں یہ صلاحیت موجود ہے انہوں نے کہاکہ ورکرز کی تربیت کو نظم و نسق کی جدید ضروریات کے تناظر میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی ورکرز کی ذہنیت تبدیل کرنے اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے انہیں اخلاقی تربیت فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایجوکیشن ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے آنیوالے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں اور پولنگ ایجنٹوں کو بھی تربیت دی جائے گی ،انکا کہنا تھا کہ پارٹی ورکرز میں شعور بیدار کرنے کے لئے ٹریننگ سیشن رکھیں گے جس میں انکو بتایا جائے گا کہ جلسے جلوس مسائل کے حل نہیں ہوتے بلکہ مفاہمت سے بھی مسائل حل ہو سکتے ہیں انکا مزید کہنا تھا کہ پارٹی ورکرز سمیت دیگر عوام میں اخلاقیات کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا جائے گا سنٹرل ایڈوائزر محمد اشفاق پراچہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ممبران صوبائی وقومی اسمبلی کو بھی آج تک کوئی ٹریننگ نہیں دی گئی ایجوکیشن ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے انہیں بھی تربیت دی جائے گی دوسری جانب شہریوں کا پی ٹی آئی کی جانب سے شروع کردہ ایجوکیشن ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے کہنا ہے کہ ہمارے سیاسی کارکن خواہ وہ کسی بھی جماعت سے ہوں، اپنی جماعت اور لیڈر کی غلطی کا جواز دوسری جماعت کی غلطی سے دیتے ہیں۔جب سے پی ٹی آئی مقبول جماعتوں کی صف میں شامل ہوئی ہے تو سوشل میڈیا پر فدائین کا ایک نیا طبقہ معرض وجود میں آیا ہے کپتان بائیس سالہ جدوجہد کا ذکر بڑے فخر سے کرتے ہیں کاش ان بائیس سالوں میں انہوں نے وقت پر اپنے ورکرز کی تربیت پر توجہ دی ہوتی تو آج پاکستان کی سیاست کم از کم ایک درجہ بہتر ہوتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں