میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے تاریخ کے سب سے بڑے گرینڈ جرگے نے علاقے میں امن و امان کے قیام ، قبائلی قوموں کے مابین تنازعات کے حل اور دیگر ضروری امور کے سلسلے میں گزشتہ روز حکومت سے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پورے علاقے میں نہ صرف پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا بلکہ یوم ازادی کی تقریبات میں بھی شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رزمک میں 5 جولائی سے جاری وزیر اور داوڑ قبیلے کے متفقہ گرینڈ جرگے سے چیف اف وزیرستان ملک نصراللہ خان وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے حکومت کو مذاکرات کی دعوت دی ہے تاہم حکومت کی طرف سے کوئی مثبت ریسپانس ابھی تک سامنے نہیں ایاہے جس کے بعد جرگے نے فیصلہ کیا ہے کہ پورے وزیرستان میں کوئی بھی اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائینگے ۔ساتھ ساتھ وزیر اور داوڑ قبیلے کے مشران و عمائدین پر سرکاری تقریبات بشمول یوم ازادی کے شرکت کرنے پر بھی پابندی کا اعلان کیا گیا ہے، فیصلے کی خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانوں کا اعلان بھی کیا ہوا ہے ۔ ملک نصراللہ خان نے گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے مختلف قبیلوں کے مابین تنازعات اور خون خرابے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مختلف قبیلوں کے مشران کو ٹاسک دیا کہ وہ متحارب قبیلوں کے پاس جا کر انہیں گرینڈ جرگے کا پیغام پہنچائے کہ وزیرستان میں مزید خون خرابہ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں اور جرگہ ہی مسائل کو حل کرکے پائیدار امن کی راہ ہموار کریگا ۔ جرگے کے ایک رکن ملک شیرخان سرحدی نے بتایا کہ جرگے کو وسعت دیتے ہوئے جنوبی وزیرستان کے وزیر اور محسود قبائل کو بھی جرگے میں شامل کرلیا جائے گا اور ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد حل طلب معاملات پر حکومت کے ساتھ دوٹوک بات کی جائے گی تاکہ مزید علاقے میں امن امان کے قیام کو یقینی بنایا جائے اور جو بھی مسائل ہیں جن کی وجہ سے عوام میں شدید اضطراب اور بے چینی پائی جاتی ہے اس کو حل کرکے علاقے میں صحت مند سرگرمیوں کو دوام دیا جا سکے ۔ یاد رہے کہ شمالی وزیرستان کی تاریخ میں اتنے لمبے عرصے تک اور اتنی کثیر تعداد میں لوگوں کی جرگے میں شرکت ایک انوکھا واقعہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔
اہم خبریں
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments