شمالی وزیرستان کےسکولوں ، کھیل کود کے میدانوں کی تعمیر کیلئے  محکمۂ تعلیم نے 67 کروڑ 76 لاکھ روپے ریلیز کر دئےہیں

میرانشاہ (دی خیبر ٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے سکولوں کی مرمت، واش رومز کی تعمیر، کھیل کے میدانوں اور رنگ و روغن کیلئے محکمۂ تعلیم نے 67 کروڑ 76 لاکھ روپے ریلیز کر دئےہیں، جو تیز ترین پروگرام ایکسلریٹیڈ ایمپلی مینٹیشن پروگرام کے تحت اساتذہ اور کمیونٹی کے مشاورتی کمیٹی ( پی ٹی سی ) کے تعاون اور مشورے سے خرچ کئے جائینگے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹرایجوکیشن برائے ضم شدہ اضلاع فرید خٹک، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن ضم شدہ اضلاع نور عالم خان وزیر نے منگل کو شمالی وزیرستان میں مختلف سکولوں کا معائنہ کیا جہاں والدین، اساتذہ اور قبائلی عمائدین کے جرگوں سے ملاقاتیں کیں اس دوران ایڈیشنل ڈائریکٹر فرید خٹک اور نور عالم وزیر نے بتایا کہ مذکورہ فنڈز کا استعمال والدین اوراساتذہ کا اختیار ہو گا، جس میں وہ کمروں کی تزئین و آرائش پر ایک لاکھ روپے فی کمرہ، واشرومز کی تعمیر پر ایک لاکھ ساٹھ ہزار، واٹر سپلائی سکیم پر دو لاکھ اور پلے گراؤنڈز پر ایک لاکھ بیس ہزار تک خرچ کئے جا سکینگے۔ فرید خٹک نے اس موقع پردی خیبر ٹائمز کو بتایا کہ اس دورے کا اصل مقصد شمالی وزیرستان کے تعلیمی اداروں کے بارے میں وزیر اعلی محمود خان کو ایک جامع رپورٹ مرتب کرکے دینا ہے، تاکہ وہ جلد اس علاقے کا دورہ کرکے مختلف تعلیمی منصوبوں کا افتتاح کریں، جس کیلئے تمام تر انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نور عالم وزیر نے بتایا کہ قبائلی علاقوں بالخصوص شمالی وزیرستان میں تعلیم اور تعلیمی ادارو ں کی مرمت حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے اور اس بارے میں ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیاہے، جس کے نتائج بہت جلد سامنے اسکینگے۔ دورے کے موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹرایجو کیشن اشرف خان داوڑ، اے ڈی احمد الدین داوڑ، ایجوکیشن آفیسر نارتھ وزیرستان سیف اللہ خان، اسسٹنٹ ایجوکیشن افیسر فدا خان وزیر اور قبائلی عمائدین بھی شریک تھے۔ دورے کے موقع پر محکمۂ تعلیم کے افسران نے نہ صرف مقامی عمائدین اور والدین نے بات چیت کی بلکہ موقع پر موجود مقامی طالب علموں کے ساتھ بھی تعلیم کے حوالے سے گفتگو کی اور ان سے رائے لی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں