میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے دور افتادہ علاقہ رزمک میں گورنمنٹ پرائمری سکول سیف اللہ کوٹ ملک شاہی کے ننھے منے بچوں نے سکو ل میں اساتذہ کی غیر حاضریوں اور عملے کی کمی کے خلاف مظاہرہ کیا جس میں بچوں نے سکول سے نکل کر سڑک پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا، مذکورہ سکول کے درجنوں بچوں نے گزشتہ روز اساتذہ کی مسلسل غیر حاضریوں اور عملے کی قلت سے تنگ اکر احتجاجی مظاہرے کیلئے نکل ائے۔ مظاہرے کے دوران شدید سردی کے باوجود بچوں نے ہاتھوں میں کتابوں کے بستے لئے اپنے حقوق کے لئے نعرے لگائے، اس موقع پر ایک بچے زیب اللہ نے بتایا کہ ہم دو ر دراز علاقوں سے آئے روز سکول آتے ہیں لیکن ہمیں پڑھانے کیلئے کوئی ٹیچر موجود نہیں ہوتا۔ رزمک میں ان دنوں شدید سردی پڑتی ہے لیکن یہ بچے پھر بھی جوں توں کرکے سکو ل آجاتے ہیں۔ علاقے کے ایک سرکردہ قبائلی رہنماء ملک خالد رحمان وزیر نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ کئی مرتبہ سکول میں عملے کی سستی اور کمی کے بارے میں ایجوکیشن اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو یاد دہانی کروائی گئی لیکن کوئی شنوائی نہ ہونے کے باعث یہ بچے آج مجبوری میں سکول سے نکل پڑے ہیں۔ سکول کے بچوں اور والدین نے دھمکی دی کہ اگر ایک ہفتے کے اندر اندر سکو ل میں عملے کی کمی اور حاضری کو یقینی نہیں بنایا گیا تو سکول کے تمام بچے رزمک میرانشاہ روڈ پر احتجاجی دھرنا دینگے۔
