میرعلی ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان میرعلی بازار کے مشرق کی جانب بنوں روڈ پر واقع تی تی ہوٹل کے قریب نامعلوم موٹر کار سواروں نے فائرنگ کرکے دو شہریوں عبدالرحمان داوڑ ایپی اور احمد علی طوری خیل وزیر کو موت کے گھاٹ اتاردیا، فائرنگ میں یعقوب نامی شخص شدید زخمی ہوا، جنہیں مقامی شہریوں نے زخمی حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میرعلی منتقل کردیا، زخمی شخص کا تعلق جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین سے بتایا جاتا ہے،
میرعلی پولیس نے قتل کئے جانے والوں کی میتوں کو مقامی لوگوں کی مدد سے پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر میرعلی منتقل کردیا، پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے حسب معمول تفتیش شروع کردیا۔
یاد رہے کہ شمالی وزیرستان میں امن و آمان کی غیر یقینی صورتحال موجود ہے، جہاں سرکاری رٹ نہ ہونے کے برابر ہے، تاہم شمالی وزیرستان کا میرعلی سب ڈویژن بدامنی کے واقعات میں قابل ذکر ہے، جہاں آئے روز ٹارگٹ کلنگ کے واقعات رونما ہورہے ہیں، جبکہ سیکیورٹی اہلکار اور دیگر سرکاری تنصیبات مکمل طور پر غیر محفوظ ہیں۔
بدامنی کے ان واقعات کی وجہ سے شہری بھی پریشان ہیں، جو وزیرستان سے ایک بار پھر ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
Load/Hide Comments