شمالی وزیرستان میں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کا میرانشاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) عوامی نیشنل پارٹی شمالی وزیرستان نے صوبائی صدر ایمل ولی خان کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ پریس کلب میرانشاہ کے سامنے علاقے میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور بد امنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں اے این پی کی مقامی قیادت کے علاوہ عوام کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت عوامی نیشنل پارٹی وزیرستان کے سابق صدراور امیدوار برائے قومی اسمبلی ملک اشرف خان داوڑ کر رہے تھے۔مظاہرین نے میرانشاہ پریس کلب کے سامنے ایک جلسے کی شکل اختیار کی جس سے ملک اشرف خان داوڑ اور اے این پی کے سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی نثار علی خان داوڑ نے خطاب کیا۔ ملک اشرف خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ گذشتہ ایک دہائی سے اس علاقے میں اپریشن در اپریشن ہو رہے ہیں حتی کہ جب حکومت نے ضرب عضب کا اعلان کیا تو ہم سب نے سب کچھ چھوڑ کر علاقہ خالی کر دیا اور تب واپس ائے جب حکومت نے ہی علاقے کو کلیئر قرار دے دیا لیکن اس کے باوجود یہاں روزانہ کی بنیادوں پر لوگوں کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا جارہا ہے۔ نثارعلی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے جن لوگوں کو تفتیش کے نام پر اٹھایا ہے ان کو فوری طور پر عدالت کے سامنے پیش کیا جا ئے البتہ جو لوگ دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ہیں ہم کسی طور بھی ان کی حمایت نہیں کرتے۔ مظاہرین نے علاقے کو لینڈ مائینز سے بھی صاف کروانے کا مطالبہ دُہرایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں