شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملہ، ایک اہلکار شہید 2 زخمی ہوگئے ہیں

میرعلی ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے علاقے شیواہ میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے حملہ کردیا، سرکاری زرائع کے مطابق ایک سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں، اہلکار کی میت اور زخمی اہلکاروں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ شیواہ میں مقیم سرکاری ذرائع کے مطابق شیواہ کے حمید نامی سیکورٹی چیک پوسٹ پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب مسلح افراد نے خود کار ہتھیاروں کے ساتھ اچانک حملہ کیا جس میں ایک سیکورٹی اہلکار سیف اللہ شہید ہوئے جبکہ دو اہلکار سپاہی نجیب اور سپاہی عادل زخمی ہوگئے ہیں، جن کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال لیجایا گیا۔ وقوعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ اپریشن شروع کردیا تاہم ابھی تک کسی قسم کی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
اس حملے کے حوالے سے تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے ذمہ داری قبول کرلی ہے، اپنے ایک بیان میں وہ اہلکاروں کی اموات کچھ ذیادہ بتارہے ہیں۔ تاہم مقامی زرائع نے ایک اہلکار کی شہادت اور 2 کی زخمی ہونے کی تصدیق کر ریے ہیں۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں مسلح شدت پسند تنظیمیں ایک بار پھر فعال اور متحرک ہوگئے ہیں۔ جہاں روز کارروائیاں معمول بنتا جارہاہے، بدامنی اور غیر واضح صورت حال کے پیش نظر عام شہری خوف کے سائے تلے رہنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں