شمالی وزیرستان میں مہنگائی کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کا میرانشاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

میران شاہ ( دی خیبر ٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی شمالی وزیرستان نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میران شاہ کے سامنے ملک میں حالیہ مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں پی پی پی کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ مظاہرین نے پاکستان مارکیٹ سے مارچ شروع کیا اور پریس کلب کے سامنے جلسے کی صورت میں جمع ہوئے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر مہنگائی اور حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔پی پی پی کے مقامی صدر اصغر خان داوڑ نے مظاہرین سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں ایسی حکومت نہیں چاہئے جہاں غریب کو دو وقت کی روٹی نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی خود کہا کرتے تھے کہ جب مہنگائی ہو تو سمجھو کہ وزیراعظم چور ہے اب اس کا اپنے بارے میں کیا خیال ہے۔ مظاہرین سے اپنے خطاب میں شفقت داوڑ نے کہا کہ ملک میں غریب فاقہ کشی پر مجبور ہیں اور اس کی واحد وجہ حکمرانوں کا کرپشن ہے ۔ دیگر رہنماؤں نے بھی مہنگائی اور حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے بہت سے لوگوں کے چولہے بجھ گئے ہیں اور حکمران ابھی تک سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں