شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کا ایک اور واقعہ، ایک شہری ہلاک

میرعلی (دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے میرعلی شہر میں دن دیہاڑے مین بازار میں ٹارگٹ کلنگ کے اور واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ نقاب پوش مسلح افراد حسب معمول فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ مقامی پولیس ذرائع کے مطابق بُدھ کو میرعلی بازار میں ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح نقاب پوش افراد نے میرعلی ہسپتال کے قریب ایک شخص پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گئے ہیں، مقتول کی شناخت بادشاہ زمان ولد ریژاگل ساکن گربز تحصیل بکاخیل ضلع بنوں کے نام سے ہو ئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد مسلح تھے اور حملے کے وقت مقتول کا بھائی بھی موقع پر موجود تھا، ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے قریبی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرعلی منتقل کردیا جہاں سے ان کے آبائی علاقے گربز روانہ کردی گئی۔ شمالی وزیرستان میں گزشتہ دوسال سے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات تسلسل سے جاری ہے اور اب تک بشمول 5 خواتین سمیت 170 کے قریب افراد کو مختلف واقعات میں ٹارگٹ کرکے قتل کردیا گیا ہے، جبکہ ٹارگٹ کلنگ کے اس جیسے واقعات کے باعث عام شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں