آل ایمپلائز کوارڈینیشن کونسل شمالی وزیرستان نے 3 ماہ قبل اغوا ہونے والے اہلکاروں کو بازیاب نہ کرنے کی صورت میں تالہ بند احتجاج کی دھمکی دیدی

میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) آل ایمپلائیز کوارڈنیشن کونسل شمالی وزیرستان نے دھمکی دی ہے کہ اگر گرفتار اور اغواشدہ سرکاری ملازمین کو جلد از جلد رہا نہ کیا گیا تو وزیرستان کے تمام سرکاری ملازمین ایک بار پھر احتجاج پر نکل ائینگے اور تمام دفاتر کی تالہ بندی کرینگے۔ جمعرات کو آل ایمپلائیز کونسل کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت کونسل کے صدر اختر سبحان میرانشاہ میں منعقد ہو ا جس میں تمام محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کے دوران اختر سبحان نے کہا کہ تین ماہ سے زائد کا عرصہ گذر گیا کہ ہمارے کچھ ملازمین کو حکومت نے حراست میں لیا ہے اور کچھ ملازمین کو شیوا سے اغوا کیا گیا ہے اور ابھی تک کسی کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ تمام سرکاری ملازمین نے اس بارے میں احتجاج شروع کیا تھا لیکن حکومت کی یقین دہانی پر اپنا احتجاج موخر کردیا تاہم ابھی تک حکام نے کئے گئے وعدوں میں سے ایک کو بھی پورا نہیں کیا جس کے بعد ہم ایک بار پھر آل ایمپلائیز کونسل کے جھنڈے تلے جمع ہونے پر مجبور ہیں اور احتجاجی مہم چلائینگے جو کہ تب تک جاری رہے گا جب تک گرفتار افراد کو رہا نہیں کیا جاتا اور مغویان کو باحفاطت بازیاب نہیں کرایا جاتا۔ یاد رہے کہ اج سے تین ماہ قبل شمالی وزیرستان کے تحصیل شیواہ سے انجنئیر ہمایوں داوڑ، ایڈوکیٹ عتیق اللہ داوڑ، شہنشاہ داوڑ اور مسعودالرحمن کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا تھا جو کہ ابھی تک اغواکاروں کی حراست میں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں