پشاور(دی خیبرٹائمز پولیٹیکل ڈیسک) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے ضلع باجوڑ میں جماعت اسلامی کے سابق ضلعی امیر اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار مولانا وحید گل کے گھر کے سامنے ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی کارروائیاں علاقے کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔
عبدالواسع نے اپنے بیان میں کہا کہ باجوڑ جیسے حساس اور امن پسند علاقے میں اس نوعیت کا واقعہ انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ علماء کرام اور سیاسی قیادت کو نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ برداشت نہیں اور اس سے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی سازش کی جا رہی ہے۔
صوبائی امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی دشمن امن اس طرح کی مذموم کارروائی کرنے کی جرات نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر قسم کی دہشت گردی اور تشدد کے خلاف ہے اور ہمیشہ امن، بھائی چارے اور قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔ عبدالواسع نے مولانا وحید گل اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے خیریت اور سلامتی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے اور عوام کو چاہیے کہ وہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں۔




