میران شاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) آل فروٹ اینڈ ویجیٹبل مرچنٹس ایسو سی ایشن شمالی وزیرستان نے دھمکی دی ہے کہ اگر 28 ستمبر تک ان کے مطالبات کو نہ مان لیا گیا تو وہ تمام رابطہ سڑکوں بشمول پاک افغان شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کرنے کے علاؤہ بارڈر تک لانگ مارچ بھی کرینگے ۔ ہفتے کو ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے میرانشاہ پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سرحد پر کسٹم کے نام سے ناجائز ٹیکس لگائے ہیں اور افغانستان کی طرف سے آنے والے میوہ جات اور سبزیاں دو دو تین تین دن گاڑیوں میں پڑے رہتے ہیں اور گل سڑ جاتے ہیں جس سے تاجروں کو روزانہ کروڑوں کا نقصان ہو جاتا ہے ۔ اس حوالے سے تاجر رہنماء حاجی احسان اللہ درپہ خیل نے بتایا کہ حکومت نے ہمارے ساتھ بار بار وعدے کئے لیکن کوئی وعدہ ایفا نہ ہوا، تاجروں نے کہا کہ ہمارے ساتھ کئے گئے وعدے سب کے سب دھوکہ تھے اور آج حال یہ ہے کہ تاجر فاقوں پر مجبور ہیں ۔ ان تاجروں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان کے ساتھ کئے گئے وعدے فوری پوری کریں ورنہ بارڈر کی طرف لانگ مارچ اور تمام رابطہ سڑکوں کو بلاک کرینگے، ان تاجروں نے عام لوگوں کو یہ بھی اعلان کیا کہ ہر کوئی خاندان اپنی ضروریات پہلے سے پوری کریں۔
![](https://thekhybertimes.com/wp-content/uploads/2021/09/MRN-Traders-969x630.jpg)