شمالی وزیرستان میرانشاہ میں تعلیمی آگہی مہم کے حوالے سے سی آر اے نارتھ اور پشاور یونیورسٹی کے زیر اہتمام مشترکہ سیمینار کا انعقاد

میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر میرانشاہ میں تعلیمی اگہی مہم کے حوالے سے غیر سرکاری تنظیم سی ار اے نارتھ اور پشاور یونیورسٹی کے زیر اھتمام مشترکہ سیمنار منعقد ہوا جس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اور قبائلی عمائدین کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار میرانشاہ کے تحصیل بلڈنگ کے تاریخی جرگہ ہال میں منعقد ہوا جس سے ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان اور دیگر ماہرین و مشران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں تعلیمی انحطاط کو ختم کرنے کیلئے عوام میں اگہی لانا ضروری نہیں بلکہ فرض ہے کیونکہ خطے میں بدمنی کی ایک بڑی وجہ علاقے میں کم شرح تعلیم ہے جس کو جب تک بڑھایا نہ جا ئے تب تک یہ بے چینی یوں ہی جاری رہے گی۔ اس سلسلے میں ضم شدہ اضلاع کے طلباء کو بھی متعدد ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا جس کے بعد گھر گھر تعلیم کے حوالے سے اگہی پھیلانے کا مہم شروع کردیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سب کا فرض بنتا ہے کہ سکولوں سے باہر نوجوان نسل کو تعلیم کی جانب راغب کیا جائے اس سلسلے میں والدین اور عمائدین کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنا اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں۔ قبائلی رہنماء ملک جان فراز نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس قسم کی سرگرمیوں سے نہ صرف طلباء میں حصول علم کا جذبہ بیدار ہو جائے گا بلکہ والدین کو بھی احساس ہوگا کہ وہ اپنے بچوں کو سکولوں میں بھیجنے کا انتظام کریں۔ سی ار اے اور پشاور یونیورسٹی کی مشترکہ مہم کے سلسلے میں ایسی سات نشستوں کو اہتمام کیا گیا ہے جو علم و گہی کے بارے میں عام لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے منعقد ہو نگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں