میرعلی ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) ٹرانسپورٹ یونین شمالی وزیرستان نے آپریشن ضرب عضب میں ہونے والے نقصانات کی عدم آدائیگی کے خلاف احتجاج کرنے کی دھمکی دے دی، اُنہوں نے واضح کیا کہ جب تک نقصانات کی آدائیگی نہیں کی جاتی تو مجبوراً نہ ختم ہونے والا احتجاج کا سلسلہ شروع کریں گے، ٹرانسپورٹ یونین شمالی وزیرستان کے صدر ملک نورعلی خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے، کہ جب آپریشن ضرب عضب کا آغاز ہوا اور حکومت پاکستان نے گھر بار چھوڑنے کا اعلان کیا، تو ہم نے مجبوراً سامان سے بھرے گھروں اور مال مویشی کو چھوڑ کر ہجرت کرلی، جس میں ایک بڑی تعداد میں گاڑیاں بھی چھوڑ دی گئی، جب علاقے کلیئر ہوئے اور آپریشن ختم ہوا تو ہم نے واپسی کی اورشمالی وزیرستان کی حالت دیکھی تو نیا شمالی وزیرستان تھا، گھروں میں سامان تو کیا ؟ گھر تھے ہی نہیں، دکانیں اور مارکیٹیں مسمار تھیں کچھ نہیں تھا، رہ جانے والے گاڑیاں کا نام و نشان تک نہیں تھا، اُنہوں نے وزیراعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، ایم این اے محسن داؤڑ، وزیر ریلیف و آباد کاری اقبال خان وزیر، صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ آپریشن ضرب عضب میں جتنی چھوٹی بڑی گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں اور جس کا جتنا نقصان ہوا ہے اس کے مطابق معاوضہ دیا جائے، بصورت دیگر اب تو کورونا وائرس کا مسئلہ حل ہوا ہے تو ہم پھر مجبوراً نہ ختم ہونے والا احتجاج کا سلسلہ شروع کریں گے۔
