Khyber Pakhtunkhwa Higher Education Minister Meena Khan Afridi addresses a press conference in Peshawar while announcing Pakistan’s first provincial university ranking system. The rankings place IMSciENCES Peshawar first overall, followed by Hazara University and Pak-Austria Fachhochschule Institute Haripur. University officials and government representatives are present during the announcement.

خیبرپختونخوا میں پہلی بار صوبائی سطح پر جامعات کی رینکنگ جاری، آئی ایم سائنسز مجموعی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر

پشاور (18 جون 2026): محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا نے پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے صوبائی جامعات رینکنگ نظام کے تحت صوبے کی جامعات کی درجہ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔ رینکنگ کا اعلان وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی نے پشاور میں خصوصی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات شفیع جان، مختلف جامعات کے سربراہان اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر مینا خان آفریدی نے بتایا کہ جامعات کی رینکنگ کیلئے بین الاقوامی اور قومی سطح پر رائج نظاموں سے قابل عمل انڈیکیٹرز لئے گئے، جبکہ 12 انڈیکیٹرز اور 66 سب انڈیکیٹرز کی بنیاد پر درجہ بندی کا عمل مکمل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ رینکنگ نظام کے تحت صوبے کی جامعات کو مختلف کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا اور کارکردگی کی بنیاد پر درجہ بندی کی گئی۔ مجموعی رینکنگ میں 45 جامعات شامل تھیں، جن میں انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز (آئی ایم سائنسز) نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جامعہ ہزارہ دوسرے نمبر پر رہی جبکہ پاک آسٹریا فاخاشولے انسٹی ٹیوٹ ہری پور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
جنرل یونیورسٹیز کی کیٹگری میں آئی ایم سائنسز پہلے، جامعہ ہزارہ دوسرے اور جامعہ ملاکنڈ تیسرے نمبر پر رہیں۔ ٹیکنیکل تعلیم فراہم کرنے والی جامعات کی رینکنگ میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور نے پہلی پوزیشن حاصل کی، خیبر میڈیکل یونیورسٹی دوسرے جبکہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر پشاور تیسرے نمبر پر رہی۔
2011 کے بعد قائم ہونے والی جامعات کو ایمرجنگ یونیورسٹیز کیٹگری میں شامل کیا گیا، جس میں پاک آسٹریا فاخاشولے انسٹی ٹیوٹ ہری پور پہلے، شہدائے آرمی پبلک سکول یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ دوسرے اور جامعہ ہری پور تیسرے نمبر پر رہی۔
نجی جامعات کی رینکنگ میں غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ نے پہلی پوزیشن حاصل کی، سیکاس یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ایمرجنگ سائنسز دوسرے نمبر پر رہی جبکہ قرطبہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیرہ اسماعیل خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار صوبائی سطح پر جامعات کی رینکنگ متعارف کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جامعات کو رینکنگ کی بنیاد پر پرفارمنس گرانٹس دی جائیں گی اور خیبرپختونخوا میں جامعات کی رینکنگ ہر سال کی جائیگی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 13 سال کے دوران صوبے میں 14 نئی جامعات قائم کی گئی ہیں جبکہ آئندہ بجٹ میں طلبہ کیلئے مزید مراعات اور سہولیات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
مینا خان آفریدی نے کہا کہ پنجاب اپنی آبادی اور تعلیمی بجٹ کا جائزہ لے، جس کے بعد تعلیمی ترجیحات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس کل بروز جمعہ صبح 11 بجے سول سیکرٹریٹ میں طلب کر لیا گیا ہے۔