پشاور( دی خیبرٹائمز نیوز ڈیاسک ) باجوڑ کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے کے لیے صوبائی حکومت کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر روانہ
ہوا، جو خراب موسم کے باعث قبائلی ضلع مہمند میں کریش کر گیا۔ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے مطابق اس افسوسناک حادثے میں دو پائلٹس سمیت عملے کے پانچ اہلکار شہید ہوگئے۔
وزیرِ اعلیٰ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں صوبائی حکومت برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر عملے نے دوسروں کی جانیں بچانے کے لیے اپنی جانیں قربان کر کے حقیقی ہیرو ہونے کا ثبوت دیا۔ ان کی قربانی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائے گی۔
صوبائی حکومت نے کل صوبے میں یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے اور اس موقع پر صوبے بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ حادثے کی جگہ پر امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ شہداء کی میتوں کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
