وفاقی وزیر خزانہ کے اعترافی بیان نے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول دی، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

پشاور (دی خیبرٹائمزرپورٹ) خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے حالیہ اعترافی بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خزانہ کا بیان جعلی حکومت کے جھوٹے دعوؤں کی نفی کرتا ہے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے خود اعتراف کیا ہے کہ ملک میں مہنگائی بے قابو ہو چکی ہے اور ایف بی آر کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے۔ “محمد اورنگزیب ایک ذمہ دار شخصیت ہیں، جنہوں نے سچائی عوام کے سامنے رکھ دی ہے،” انہوں نے کہا۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اندر ہم آہنگی کا فقدان ہے اور وزیر خزانہ کا بیان ظاہر کرتا ہے کہ شہباز شریف اور ان کی ٹیم ایک پیج پر نہیں۔

عوام شہباز شریف کی رنگ ٹون سے تنگ آ چکے ہیں، بیرسٹر سیف

بیرسٹر سیف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وزیر خزانہ کے بیان کے بعد کم از کم وزیراعظم کی آواز کو موبائل رنگ ٹون کے طور پر استعمال کرنا بند ہونا چاہیے۔ “عوام نے اب ایک دوسرے کو کال کرنا بھی چھوڑ دیا ہے کیونکہ شہباز شریف کی رنگ ٹون سننا ناقابل برداشت بن چکی ہے،” انہوں نے دعویٰ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹوں میں جب یہ رنگ ٹون بجتی ہے تو لوگ شدید غصے کا اظہار کرتے ہیں۔ “جعلی حکومت کو چاہیے کہ جھوٹے دعوے چھوڑ کر عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے،” بیرسٹر سیف کا کہنا تھا۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مہنگائی اور کرپشن کے مسائل کو تسلیم کرتے ہوئے معاشی چیلنجز کا اعتراف کیا ہے، جس پر اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید سامنے آ رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں