Graphic illustration of Imran Khan and the Parliament of Pakistan, representing the PTI assembly resignation debate

اسمبلیوں سے استعفیٰ کی مبینہ ہدایت: پی ٹی آئی صفوں میں شگاف، ارکانِ اسمبلی کا مستعفی ہونے سے انکار

سلام آباد (خصوصی رپورٹر، دی خیبر ٹائمز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے اپنی پارٹی کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے سوا تمام اسمبلیوں اور منتخبہ اداروں سے فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کے اعلیٰ ترین ذرائع نے خود کو ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ عمران خان نے صوبہ خیبر پختونخوا کی اپنی پارٹی کی حکومت کی کارکردگی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے، تاہم اس کے باوجود کے پی کے حکومت اور اس کے ارکانِ صوبائی اسمبلی کو استعفیٰ دینے سے استثنیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، عمران خان کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں میں بیٹھے تحریک انصاف کے ارکان اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ ارکانِ اسمبلی نے وہاں اپنے طرزِ عمل سے موجودہ حکمرانوں کو مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے یہ گلہ بھی کیا کہ یہ لوگ انہیں جیل میں کوئی آسائش دلانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں، اور اس امر کا سرے سے کوئی امکان نہیں ہے کہ کسی بھی حالت میں تحریک انصاف کے بانی کو کوئی رعایت ملے، جو نو مئی کے مقدمات میں ماخوذ ہونے کی پاداش میں اس وقت پابندِ سلاسل ہیں۔

دوسری جانب، پارٹی کے ایک اور قریبی اور بااثر ذریعے نے اس بات کی قطعی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ عمران خان نے مستعفی ہونے کی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔ تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ مستعفی ہونے کے بارے میں سامنے آنے والے اس پیغام نے تحریک انصاف کی صفوں میں ایک واضح شگاف ڈال دیا ہے۔ قومی اسمبلی کے 79 آزاد ارکان کی غالب اکثریت اپنے بانی کے اس مبینہ پیغام کو نظرانداز کرنے پر اصرار کر رہی ہے۔
مستعفی ہونے کے برعکس، ارکانِ اسمبلی کی اکثریت یہ مشورہ دے رہی ہے کہ تحریک انصاف سے وابستہ آزاد ارکانِ قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں میں واپس آئیں اور ان کمیٹیوں کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کریں۔

اس تمام صورتحال پر قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی قیادت کا کہنا ہے کہ کمیٹیوں کے بارے میں فیصلہ بذاتِ خود عمران خان نے کیا تھا، جنہوں نے اس بارے میں اب تک کوئی نئی ہدایت جاری نہیں کیں۔ پارٹی قیادت کا مزید کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے اپنی سیاسی جدوجہد سے اپنے لئے پارلیمنٹ میں جو گنجائش پیدا کی ہے، اسمبلیوں سے استعفیٰ اسے بھی مکمل طور پر ختم کر دے گا۔