خیال زمان، ظہور شاکر اور شاہ فیصل کے نام کھلا خط …. مصطفی بنگش
مورخہ 5 نومبر 2020
: عالی جاہ
امید ہے تینوں بخیریت ہوں گے، آپ تینوں کی خاموش سرگرمیوں کو مد نظر رکھ کر ضلع ہنگو کے سارے مسائل پر شاید بات نہ کر سکوں لیکن آپ کی یادداشت تازہ کرنے کیلئے جن مسائل کو آپ انتخابات سے پہلے حل کرنے کا وعدہ کر چکے ہیں، ان پر کچھ گذارشات ہیں،
خیال زمان صاحب، آپ وفاق میں ہیں، آپ کو عوام نے ووٹ کے ذریعے اس لالچی کرسی تک پہنچایا ہے اور ایک بار نہیں بلکہ عوام آپ پر دو بار اعتبار کر چکے ہیں، تا کہ آپ ضلع ہنگو کے مسائل حل کر سکیں لیکن دو بار منتخب ہونے کے باوجود درج ذیل مسائل حل نہ ہو سکیں۔
ضلع ہنگو کے کربوغہ شریف، نریاب، طوراوڑی اور دیگر علاقوں کے عوام نے سالوں سے لائٹ جلتے نہیں دیکھا، لوگ مجبوراً بجلی کا نعم البدل شمسی استعمال کرتے ہیں، تاہم زیادہ تر لوگ اندھیروں میں ذندگی گزار رہے ہیں، اس کے علاوہ کچھ علاقوں میں ایک ہی خاندان پر دس دس لاکھ تک بجلی بل جمع ہوگیا ہے، اور مزید جمع ہو رہا ہے، عوام آپ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بجلی کے بل کو معاف کروائیں کیونکہ دہشتگردی کے دور سے جمع ہونے والا بل عوام پر بوجھ بن گیا ہے، برائے کرم بل معاف کرکے دہشتگردی کے نقصانات کا ازالہ کریں، اور یہ ثبوت دیں کہ ریاست عوام کی تحفظ کیلئے ہوتی ہے، عوام پر بوجھ بننے کیلئے نہیں۔
خیال زمان صاحب، ضلع ہنگو کیلئے بار بار گیس منظور ہونے کے بعد آپ کی حکومت میں کچھ علاقوں میں گیس پائپ لائنز بچھائے گئے ہیں جو سالوں سے سڑک کنارے پڑے ہیں، اس سے پہلے کہ پائپس غائب ہونا شروع ہو جائیں، برائے کرم گیس پر جلدی کام شروع کروا کر یہ ثابت کریں کہ آپ واقعی اس علاقے کے نمائندہ ہیں،
ظہور شاکر اور شاہ فیصل صاحب! ضلع ہنگو کی آبادی 5 لاکھ سے زیادہ ہے، اتنی آبادی کے باوجود لڑکوں کیلئے صرف 262 جبکہ لڑکیوں کیلئے 111سرکاری سکول ہیں، تعلیم آپ کی پارٹی کی اولین ترجیح ہے، برائے کرم اس علاقے میں تعلیم عام کریں۔
ظہور شاکر صاحب آپ گلی محلوں میں گھومیں پھریں تو آپ کو بمشکل چند بچے نظر آئیں گے، باقی اپنے گھروں میں بیٹھ کر موبائل میں گھسے ہوئے ہیں، آپ سروے کریں کہ ضلع ہنگو کے بچوں میں نشہ کتنا عام ہو رہا ہے، جس کی وجہ بچوں کیلئے کھیل کے میدان موجود نہیں ہیں، پارکس نہیں ہیں، برائے مہربانی نوجوان نسل کو تباہی سے بچائیں۔
خیال زمان، ظہور شاکر اور شاہ فیصل صاحب! ضلع ہنگو کے عوام خاموش ہیں، ان کو جمہوریت کا علم نہیں، ان کو آپ کیخلاف احتجاج کے راستے کا نہیں پتہ، ان کو اپنا حق مانگنے کا راستہ معلوم نہیں، لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ آپ بھی خاموش رہیں،
امید ہے آپ تینوں ان گذارشات پر سنجیدگی کا اظہار کریں گے، تا کہ عوام کو آپ کا شکریہ ادا کرنے کا موقع ملے، شکریہ
ولسلام
ضلع ہنگو کے عوام۔