پشاور (دی خیبر ٹائمز نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے نہروں کے معاملے پر صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یا تو صدر زرداری نے سندھ کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے یا پھر ان کی یادداشت کمزور ہو چکی ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو دونوں میں سے ایک بات کو تسلیم کرنا ہوگا، کیونکہ دونوں کی بیک وقت تردید ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صدر آصف زرداری کی ذہنی حالت واقعی ٹھیک نہیں تو انہیں فوری طور پر اعلیٰ ترین عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نہروں کے معاملے پر صرف ووٹ بچانے کی کوشش کر رہی ہے، حالانکہ ان نہروں کی منظوری خود صدر آصف علی زرداری نے دی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر صدر نے منظوری دی تھی تو اب بلاول بھٹو کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پیپلز پارٹی احتجاج کا ڈرامہ رچا کر اپنے ووٹ بینک کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن عوام سچ جان چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہروں کا معاملہ سب سے پہلے پاکستان تحریک انصاف نے اجاگر کیا تھا۔
انہوں نے بلاول بھٹو کو مشورہ دیا کہ وہ سڑکوں پر احتجاج کرنے کے بجائے اپنے والد سے پوچھیں کہ انہوں نے نہروں کی منظوری کیوں دی گئی ہے۔