محکمہ خوراک کی گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں‘ 19 گرفتار

پشاور ( دی خیبرٹائمز جنرل رپورٹنگ ڈیسک ) گرانفروشوں کا قلع قمع کرنے کیلئے دن رات شہری اور دیہاتی علاقوں میں کارروائیاں کر رہے ہیں‘ راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر کہتے ہیں، کہ محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 19 افراد کو گرفتار کرلیا۔ صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندر لودھی‘ سیکرٹری خوراک فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) خوشحال خان اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی زیر نگرانی اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ‘ نعمان عامر اور فوڈ انسپکٹر محسن علی شاہ نے چارسدہ روڈ‘ ارباب روڈ اور اولڈ باڑہ کے مختلف علاقوں میں فوڈ پوائنٹس میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ محکمہ خوراک کے افسران نے سرکا ری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 19 افراد کو دھرلیا جن میں قصائی‘ سبزی و پھل فروش‘ دودھ و دہی فروش‘ بیکری و جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران گرانفروشوں کا قلع قمع کرنے کیلئے دن رات شہری اور دیہاتی علاقوں میں کارروائیاں کر رہے ہیں جبکہ بار بار نرخنامے سے تجاوز کرنے اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کو جیل بھیجا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو گرانفروشی کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی جبکہ اس کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی جبکہ کسی کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں