خیبر پختونخوا میں سیلاب اور بارشوں کی تباہ کارئیاں جاری ہلاکتوں کی تعداد 2 سو سے زائد

پشاور ( دی خیبرٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک ) خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارشوں اور فلش فلڈ نے شدید تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 189 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جاری کردہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 163 مرد، 14 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 18 مرد، 2 خواتین اور 1 بچہ شامل ہے۔
گھروں کو شدید نقصان
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ سے صوبے کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 45 مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 38 مکانات جزوی طور پر اور 7 مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔
سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع
سب سے زیادہ متاثرہ علاقے باجوڑ اور بٹگرام ہیں، جبکہ دیگر متاثرہ اضلاع میں سوات، بونیر، تورغر، مانسہرہ اور شانگلہ شامل ہیں۔ شدید بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے کے باعث کئی رابطہ سڑکیں اور سیاحتی مقامات کی شاہراہیں بند ہو چکی ہیں۔
ریسکیو آپریشن اور امدادی سرگرمیاں
پی ڈی ایم اے کے مطابق دو ہیلی کاپٹرز کو باجوڑ اور بونیر روانہ کر دیا گیا ہے، جہاں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کے لیے مجموعی طور پر 50 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔
* ضلع بونیر کو 15 کروڑ روپے
* ضلع باجوڑ، بٹگرام اور مانسہرہ کو 10، 10 کروڑ روپے
* ضلع سوات کو 5 کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔
تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
موسمی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام سیاحوں اور مقامی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔
ایمرجنسی رابطہ
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا موسمی صورتحال کی اطلاع کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں