پشاور(دی خیبر ٹائمز کامرس ڈیسک ) تاجراتحادخیبرپختونخوا کے صدرمجیب الرحمن کاکہنا ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے اپیل کررہے ہیں کہ جس بازارمیں دوکاندار کورونا وائرس کے پیش نظر ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرے توصرف اسی دوکان کوسیل کیاجائے اوربھاری جرمانہ بھی ساتھ عائد کیا جائے، تاکہ وہ آئندہ ایس او پیز کو نظرانداز نہ کرسکے، لیکن انتظامیہ اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے اورایک دوکاندارکی سزا پورے بازارکو دی جارہی ہے، جسکی وجہ سے تاجروں میں شدیدغم وغصہ پایا جاتا ہے. طویل لاک ڈاؤن سے پہلے ہی تاجروں کا کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے، اوراب رہی سہی کسر سمارٹ لاک ڈاؤن نے پوری کردی ہے. انکا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں صوبائی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف اکرم خان درانی اور رکن قومی اسمبلی ارباب شیرعلی سے رابطہ بھی کیا گیا اورانہیں تحفظات سے آگاہ کیا، جس پر دونوں رہنماؤں نے اسمبلی فلور پر ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام پر آواز اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ مجیب الرحمن نے کہاکہ وہ آج بھی حکومت کی جانب سے بنائی گئی ایس او پیز پر عمل در آمد کرنے کے حامی ہے اور ہر قسم کاتعاون کر رہے ہیں، لیکن انتظامیہ تاجروں کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کررہی ہے جو کہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ۔
