شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بدستور جاری، میرعلی بازار میں مسلح نقاب پوشوں کی فائرنگ سے 2 بھائی جانبحق

میرعلی ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے دوسرے بڑے شہر میرعلی میں دن دیہاڑ ے ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں دو بھائی جاں بحق جبکہ ایک راہگیر زخمی ہوا ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ میرعلی میں ہفتے کے روز ایپی فقیر چوک کے قریب ہرمز گاؤں سے تعلق رکھنے والے دو بھائی ضیا ء الدین اور اس کا کمسن بھائی محمد جارہے تھے کہ کالے شیشوں والی گاڑی سے ان پر فائرنگ ہو ئی جس سے 25سالہ ضیاء الدین موقع پر جاں بحق ہو ئے جبکہ اس کا دس سالہ بھائی محمد ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ فائرنگ سے بنوں کے رہائشی ایک راہگیر زخمی بھی ہوا ہے جس کو میرعلی ہسپتال لیجایا جہاں اس کی حالت تسلی بخش بتائی جا تی ہے۔ شمالی وزیرستان میں گذشتہ سال بھی ٹارگٹ کلنگ کے چالیس واقعات میں مجموعی طور پر 52افراد جاں بحق ہو ئے تھے جبکہ اس سال بھی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات تسلسل سے ہورہے ہیں جس سے پورے علاقے میں خوف و دہشت کی فضاء دیکھی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں