عوام کے تعاون سے ٹریفک کےمسائل حل ہونگے، خاتون ڈی ایس پی کا ریڈیو پروگرام رابطہ میں اظہار خیال

پشاور ( پ ر ) پشاور کی خاتون ڈی ایس پی ٹریفک شازیہ خان نے کہا ہے کہ عوام کے تعاون سے شہر میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے میں کامیاب رہے ہیں، ٹریفک مسائل کا شکار ہونے والے عوام تعاون نہیں کریں گے تو ان مسائل کا خاتمہ ممکن نہیں ہوسکے گا،ٹریفک اہلکار پہلے سلام پھر کلام کے اصولوں پر کاربند ہیں۔ وہ ریڈیو پاکستان پشاور کے پروگرام رابطہ میں بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں، پروگرام کے میزبان سینئر صحافی عمران یوسف زئی ، پروڈیوسر اعزاز علی گوہر جبکہ نگران امیر نواز مروت تھے۔ڈی ایس پی شازیہ خان کا کہنا تھا کہ شہربھر میں80 سے 85 ہزار رکشے اور ٹیکسیاں ہیں جن میں سے صرف 30 ہزار رجسٹرڈ ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ نان رجسٹرڈ رکشوں اور ٹیکسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا ہے۔ شہر بھر میں لاکھوں کی تعداد میں موٹر سائیکل شہر میں چل رہے ہیں، غیر رجسٹرڈ رکشوں کی پابندی پر رش میں نمایاں کمی ہوگی۔ شہر کی مختلف شاہراہوں پر روزانہ روڈ یوزرز کو اگاہی دی جا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی ایس پی شازیہ خان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایف ایم ریڈیو88.6 ،گوگل میپ،روڈ کیمرہ کنٹرول روم کے زریعے اگاہی دی جا رہی ہے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر روڈ یوزرز کو جرمانہ کرکے کروڑوں روپے قومی خزانہ میں جمع کرائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں یہ پولیس آپ ہی کے مسائل کے حل پر دن بھر سڑکوں پر موجود رہتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں