پشاور ( دی خیبرٹائمز جنرل رپورٹنگ ڈیسک ) بی آرٹی ملازمین کی جانب سے پانچ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کیخلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرناچوتھے روزبھی جاری ہے، ملازمین اور انکے بچوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے، جن پر تنخواہیں فوری دینے کے مطالبات درج تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنماء زاہد خان شنواری نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے پر جاری کام کے دوران ملازمین نے دن رات ڈیوٹی انجام دی ہے، تاہم حسنین کمپنی کی جانب سے پشاور کے ملازمین کو فارغ کرکے ان کی جگہ دیگر اضلاع کے کم عمر افراد کو بھرتی کیا گیا اور فارغ ہونیوالے 70 سیکورٹی گارڈ کو فروی سے تنخواہیں نہیں دی، جسکی وجہ سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں۔ زاہد شنواری نے کہاکہ 70 سیکورٹی گارڈ ملازمین کی تنخواہ کی بند ش کے علاوہ 350 ملازمین کو فارغ کردیا گیا ہے، 16 ہزار روپے ماہانہ لینے والوں کے بجائے 37 ہزار تنخواہیں لینے والوں کو بی آر ٹی میں بھر تی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز چار روز سے پشاور پریس کلب کے سامنے بی آر ٹی ملازمین کا دھرنا جاری ہے، لیکن ان کے مطالبات پورے نہیں ہوئے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ ان غریب سیکورٹی گارڈ کی تنخواہیں فوری طور پر جاری کرنے کیلئے کردار آدا کیا جائے، تاکہ ان بے روزگاروں کے خاندان فاقوں سے نکل سکے۔
