افواج پاکستان کے جرنیلوں پر الزامات لگانے سے نہیں، انہیں طلب کرکے پوچھنے سے مسائل حل ہونگے، سینیٹر مشتاق احمد خان

بنوں ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم موجودہ جرنیلوں اور موجودہ وزیراعظم سابق جرنیلوں پر الزامات لگا رہے ہیں، موجودہ اور سابقہ جرنیلوں کو بلا کر ان سے پوچھ گچھ کی جائے جو مجرم ہیں انہیں سزا دی جائے۔
بنوں میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مستاق احمد خان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ اور جرنیلوں کو سیاست میں دخل اندازی کا کوئی حق نہیں پہنچتا پاکستان عوام کا ہے اور یہ دستور کے مطابق چلے گاسیاستدانوں کو سرے محل، لندن فلیٹس، اور پانامہ کے اکاؤنٹس کا حساب دینا ہوگا سابق حکمرانوں کو چوری کے حساب سے بچنے کے لیے جمہوریت اور پارلیمنٹ کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے پاک فوج کے شہداء ہمارے دل کے ٹکڑے ہیں لیکن جرنیلوں کو بھی شہداء کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے پرویز مشرف اور عاصم سلیم باجوا کو اپنی کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ سابقہ فاٹا میں مظالم بند کئے جائیں، شمالی وزیرستان محمد خیل میں سیاسی اتحاد کا دھرنا جاری ہے لیکن حکومت نوٹس نہیں لے رہی، اسلام آباد ڈی چوک میں لیڈی ہیلتھ ورکرز احتجاج کررہی ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی حکومت سے کہتا ہوں کہ ہمیں فاٹا میں امن چاہئے، گھروں پر چھاپے اور نوجوانوں کو غائب کرنے کا عمل کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ بند کیا جائے اور امن و امان کی فضا بحال کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں