شمالی وزیرستان میں رزمک میرانشاہ روڈ پر کام غیر تسلی بخش، ڈپٹی کمشنر نے نوٹس لے لیا

میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے سب سے پُرخطر رزمک میرانشاہ روڈ کی تعمیر میں غیر معیاری مواد کے استعمال اور بے ضابطگیوں کے انکشاف کے بعد ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے تعمیر شدہ غیر معیاری سڑک اور پروٹیکشن والز کو گرانے کے احکامات جاری کردئے۔ڈپٹی کمشنر میرانشاہ شاہد علی خان کے دفتر سے جاری ایک اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ رزمک میرانشاہ روڈ کی تعمیر کے دوران انسپکشن ٹیم کی رپورٹ میں سڑک کی تعمیر کو ناقص اور سڑک کے کنارے تعمیر ہونے والے سائیڈ والز کو خطرناک قرار دیا گیا تھا جس پر ڈپٹی کمشنر نے سڑک کی تعمیر میں ہونے والی بے قاعدگی کا نوٹس لیکر تعمیر شدہ پروٹیکشن والز اور سڑک کو اکھاڑ کرنئے سرے سے تعمیر کرنے کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے بلڈوزروں سے گرا دیا۔ڈپٹی کمشنر نے اس حوالے سے کے پی ہائی وزیز اتھارٹی کا باقاعدہ خط لکھ کر اگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ مذکورہ ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان نے اس موقع پر بتایا کہ شمالی وزیرستان ایک جنگ زدہ علاقے کی طرح ہے اور اس میں جاری ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی بے ضابطگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں