صوبائی حکومت نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میرانشاہ کو 2 ملین کے گرانٹ کا چیک دیدیا

پشاور ( دی خیبرٹائمز پولیٹیکل ڈیسک ) مرجر کے بعد پہلی بار صوبائی حکومت نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میرانشاہ کو بیس لاکھ روپے کے سالانہ گرانٹ کا چیک حوالے کردیا۔ صوبائی مشیر برائے اطلاعات کامران بنگش نے پریس کلب میرانشا ہ کے سیکرٹری جنرل احسان داوڑ کو منگل کے روز صوبائی اطلاعات سیل میں ایک پُروقار تقریب میں چیک حوالے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت قبائلی علاقوں کی تیز ترین ترقی کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے اور عوام کے ساتھ ساتھ قبائلی صحافیوں کی فلاح و بہبود بھی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ساتوں اضلاع کے دسٹرکٹ پریس کلبوں کو وزیر اعلی محمود خان کی خصوصی ہدایات کے تحت دو، دو ملین کے گرانٹ دئے گئے ہیں اور جس ضلعی پریس کلب نے لوازمات پورے کئے ہیں ان کو چیک حوالے کردئے گئے ہیں اور جو پریس کلب ابھی تک رہ چکے ہیں ان کو بھی ضروری کاغذی کاروائی کے بعد چیک حوالے کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی اضلاع کے صحافی ایک مشکل دور سے گذر چکے ہیں اور انہیں صوبائی حکومت کی طرف مزید بھی ہرقسم کا تعاون حاصل رہے گا۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر شمالی وزیرستان کے لئے میرعلی اور رزمک میں بھی دو مزید پریس کلبز تعمیر کیلئے اعلان کرتے ہوئے اپنے عملے کو اس بارے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر اطلاعات سیل کے انچارج نثار محمد خان اور شمالی وزیرستان کے صحافیوں کے علاوہ ریاض غفور پی آر او برائے مشیر اطلاعات بھی موجود تھے۔ شمالی وزیرستان کے صحافیوں کی طرف سے ڈسٹرکٹ پریس کلب میرانشاہ کے سیکرٹری جنرل احسان داوڑ نے صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار حکومت کی طرف سے پریس کلب کو اتنی فراخدلی سے امداد ملی ہے جس سے پریس کلب کے کئی ضروری مسائل و مشکلات کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے صوبائی مشیر اطلاعات کامران بنگش کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جس کی کوششوں سے میرانشاہ پریس کلب کو وزیر اعلی خیبر پختونخواہ کی طرف سے اعلان کردہ امدادی رقم موصول ہو ئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں